77. سورۃ المرسلات - قرآن
- 1. نرم و خوش گوار ہواؤں کی قَسم جو پے در پے چلتی ہیں،
- 2. پھر تند و تیز ہواؤں کی قَسم جو شدید جھونکوں سے چلتی ہیں،
- 3. اور ان کی قَسم جو بادلوں کو ہر طرف پھیلا دیتی ہیں،
- 4. پھر ان کی قَسم جو (اُنہیں) پھاڑ کر جدا جدا کر دیتی ہیں،
- 5. پھر ان کی قَسم جو نصیحت لانے والی ہیں،
- 6. حجت تمام کرنے یا ڈرانے کے لئے،
- 7. بیشک جو وعدۂ (قیامت) تم سے کیا جا رہا ہے وہ ضرور پورا ہو کر رہے گا،
- 8. پھر جب ستاروں کی روشنی زائل کر دی جائے گی،
- 9. اور جب آسمانی کائنات میں شگاف ہو جائیں گے،
- 10. اور جب پہاڑ (ریزہ ریزہ کر کے) اُڑا دیے جائیں گے،
- 11. اور جب پیغمبر وقتِ مقررہ پر (اپنی اپنی اُمتوں پر گواہی کے لئے) جمع کئے جائیں گے،
- 12. بھلا کس دن کے لئے (ان سب اُمور کی) مدت مقرر کی گئی ہے،
- 13. فیصلہ کے دن کے لئے،
- 14. اور آپ کو کس نے بتایا کہ فیصلہ کا دن کیا ہے،
- 15. اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی (و تباہی) ہے،
- 16. کیا ہم نے اگلے (جھٹلانے والے) لوگوں کو ہلاک نہیں کر ڈالا تھا،
- 17. پھر ہم بعد کے لوگوں کو بھی (ہلاکت میں) ان کے پیچھے چلائے دیتے ہیں،
- 18. ہم مجرموں کے ساتھ اِسی طرح (کا معاملہ) کرتے ہیں،
- 19. اُس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی خرابی ہے،
- 20. کیا ہم نے تمہیں حقیر پانی (کی ایک بوند) سے پیدا نہیں کیا،
- 21. پھر اس کو محفوظ جگہ (یعنی رحمِ مادر) میں رکھا،
- 22. (وقت کے) ایک معیّن اندازے تک،
- 23. پھر ہم نے (نطفہ سے تولّد تک تمام مراحل کے لئے) وقت کے اندازے مقرر کئے، پس (ہم) کیا ہی خوب اندازے مقرر کرنے والے ہیں،
- 24. اُس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی تباہی ہے،
- 25. کیا ہم نے زمین کو سمیٹ لینے والی نہیں بنایا،
- 26. (جو سمیٹتی ہے) زندوں کو (بھی) اور مُردوں کو (بھی)،
- 27. ہم نے اس پر بلند و مضبوط پہاڑ رکھ دئیے اور ہم نے تمہیں (شیریں چشموں کے ذریعے) میٹھا پانی پلایا،
- 28. اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی بربادی ہوگی،
- 29. (اب) تم اس (عذاب) کی طرف چلو جسے تم جھٹلایا کرتے تھے،
- 30. تم (دوزخ کے دھویں پر مبنی) اس سائے کی طرف چلو جس کے تین حصے ہیں،
- 31. جو نہ (تو) ٹھنڈا سایہ ہے اور نہ ہی آگ کی تپش سے بچانے والا ہے،
- 32. بیشک وہ (دوزخ) اونچے محل کی طرح (بڑے بڑے) شعلے اور چنگاریاں اڑاتی ہے،
- 33. (یوں بھی لگتا ہے) گویا وہ (چنگاریاں) زرد رنگ والے اونٹ ہیں،
- 34. اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی تباہی ہے،
- 35. یہ ایسا دن ہے کہ وہ (اس میں) بول بھی نہ سکیں گے،
- 36. اور نہ ہی انہیں اجازت دی جائے گی کہ وہ معذرت کرسکیں،
- 37. اُس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی ہلاکت ہے،
- 38. یہ فیصلے کا دن ہے (جس میں) ہم تمہیں اور (سب) پہلے لوگوں کو جمع کریں گے،
- 39. پھر اگر تمہارے پاس (عذاب سے بچنے کا) کوئی حیلہ (اور داؤ) ہے تو (وہ) داؤ مجھ پر چلا لو،
- 40. اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑا افسوس ہے،
- 41. بیشک پرہیزگار ٹھنڈے سایوں اور چشموں میں (عیش و راحت کے ساتھ) ہوں گے،
- 42. اور پھل اور میوے جس کی بھی وہ خواہش کریں گے (ان کے لئے موجود ہوں گے)،
- 43. (ان سے کہا جائے گا:) تم خوب مزے سے کھاؤ پیو اُن اَعمالِ (صالحہ) کے عوض جو تم کرتے رہے تھے،
- 44. بے شک ہم اِسی طرح نیکو کاروں کو جزا دیا کرتے ہیں،
- 45. اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی خرابی ہے،
- 46. (اے حق کے منکرو!) تم تھوڑا عرصہ کھا لو اور فائدہ اٹھا لو، بے شک تم مجرم ہو،
- 47. اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی خرابی ہے،
- 48. اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ تم (اﷲ کے حضور) جھکو تو وہ نہیں جھکتے،
- 49. اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی تباہی ہے،
- 50. پھر وہ اِس (قرآن) کے بعد کس کلام پر ایمان لائیں گے؟،