87. سورۃ الاعلٰی - قرآن
- 1. اپنے رب کے نام کی تسبیح کریں جو سب سے بلند ہے،
- 2. جس نے (کائنات کی ہر چیز کو) پیدا کیا پھر اسے (جملہ تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ) درست توازن دیا،
- 3. اور جس نے (ہر ہر چیز کے لئے) قانون مقرر کیا پھر (اسے اپنے اپنے نظام کے مطابق رہنے اور چلنے کا) راستہ بتایا،
- 4. اور جس نے (زمین سے) چارہ نکالا،
- 5. پھر اسے سیاہی مائل خشک کردیا،
- 6. (اے حبیبِ مکرّم!) ہم آپ کو خود (ایسا) پڑھائیں گے کہ آپ (کبھی) نہیں بھولیں گے،
- 7. مگر جو اﷲ چاہے، بیشک وہ جہر اور خفی (یعنی ظاہر و پوشیدہ اور بلند و آہستہ) سب باتوں کو جانتا ہے،
- 8. اور ہم آپ کو اس آسان (شریعت پر عمل پیرا ہونے) کے لئے (بھی) سہولت فراہم فرمائیں گے،
- 9. پس آپ نصیحت فرماتے رہیے بشرطیکہ نصیحت (سننے والوں کو) فائدہ دے،
- 10. البتہ وہی نصیحت قبول کرے گا جو اﷲ سے ڈرتا ہوگا،
- 11. اور بدبخت اس (نصیحت) سے پہلو تہی کرے گا،
- 12. جو (قیامت کے دن) سب سے بڑی آگ میں داخل ہوگا،
- 13. پھر وہ اس میں نہ مرے گا اور نہ جیئے گا،
- 14. بیشک وہی بامراد ہوا جو (نفس کی آفتوں اور گناہ کی آلودگیوں سے) پاک ہوگیا،
- 15. اور وہ اپنے رب کے نام کا ذکر کرتا رہا اور (کثرت و پابندی سے) نماز پڑھتا رہا،
- 16. بلکہ تم (اﷲ کی طرف رجوع کرنے کی بجائے) دنیاوی زندگی (کی لذتوں) کو اختیار کرتے ہو،
- 17. حالانکہ آخرت (کی لذت و راحت) بہتر اور ہمیشہ باقی رہنے والی ہے،
- 18. بیشک یہ (تعلیم) اگلے صحیفوں میں (بھی مذکور) ہے،
- 19. (جو) ابراہیم اور موسٰی (علیہما السلام) کے صحائف ہیں،