80. سورۃ عبس - قرآن
- 1. ان کے چہرۂ (اقدس) پر ناگواری آئی اور رخِ (انور) موڑ لیا،
- 2. اس وجہ سے کہ ان کے پاس ایک نابینا آیا (جس نے آپ کی بات کو ٹوکا)،
- 3. اور آپ کو کیا خبر شاید وہ (آپ کی توجہ سے مزید) پاک ہو جاتا،
- 4. یا (آپ کی) نصیحت قبول کرتا تو نصیحت اس کو (اور) فائدہ دیتی،
- 5. لیکن جو شخص (دین سے) بے پروا ہے،
- 6. تو آپ اس کے (قبولِ اسلام کے) لیے زیادہ اہتمام فرماتے ہیں،
- 7. حالانکہ آپ پر کوئی ذمہ داری (کا بوجھ) نہیں اگرچہ وہ پاکیزگی (ایمان) اختیار نہ بھی کرے،
- 8. اور وہ جو آپ کے پا س (خود طلبِ خیر کی) کوشش کرتا ہوا آیا،
- 9. اور وہ (اپنے رب سے) ڈرتا بھی ہے،
- 10. تو آپ اُس سے بے توجہی فرما رہے ہیں،
- 11. (اے حبیبِ مکرّم!) یوں نہیں بیشک یہ (آیاتِ قرآنی) تو نصیحت ہیں،
- 12. جو شخص چاہے اسے قبول (و اَزبر) کر لے،
- 13. (یہ) معزّز و مکرّم اوراق میں (لکھی ہوئی) ہیں،
- 14. جو نہایت بلند مرتبہ (اور) پاکیزہ ہیں،
- 15. ایسے سفیروں (اور کاتبوں) کے ہاتھوں سے (آگے پہنچی) ہیں،
- 16. جو بڑے صاحبانِ کرامت (اور) پیکرانِ طاعت ہیں،
- 17. ہلاک ہو (وہ بد بخت منکر) انسان کیسا نا شکرا ہے (جو اتنی عظیم نعمت پا کر بھی اس کی قدر نہیں کرتا)،
- 18. اللہ نے اسے کس چیز سے پیدا فرمایا ہے،
- 19. نطفہ میں سے اس کو پیدا فرمایا، پھر ساتھ ہی اس کا (خواص و جنس کے لحاظ سے) تعین فرما دیا،
- 20. پھر (تشکیل، ارتقاء اور تکمیل کے بعد بطنِ مادر سے نکلنے کی) راہ اس کے لئے آسان فرما دی،
- 21. پھر اسے موت دی، پھر اسے قبر میں (دفن) کر دیا گیا،
- 22. پھر جب وہ چاہے گا اسے (دوبارہ زندہ کر کے) کھڑا کرے گا،
- 23. یقیناً اس (نافرمان انسان) نے وہ (حق) پورا نہ کیا جس کا اسے (اللہ نے) حکم دیا تھا،
- 24. پس انسان کو چاہیے کہ اپنی غذا کی طرف دیکھے (اور غور کرے)،
- 25. بیشک ہم نے خوب زور سے پانی برسایا،
- 26. پھر ہم نے زمین کو پھاڑ کر چیر ڈالا،
- 27. پھر ہم نے اس میں اناج اگایا،
- 28. اور انگور اور ترکاری،
- 29. اور زیتون اور کھجور،
- 30. اور گھنے گھنے باغات،
- 31. اور (طرح طرح کے) پھل میوے اور (جانوروں کا) چارہ،
- 32. خود تمہارے اور تمہارے مویشیوں کے لئے متاعِ (زیست)،
- 33. پھر جب کان پھاڑ دینے والی آواز آئے گی،
- 34. اُس دن آدمی اپنے بھائی سے بھاگے گا،
- 35. اور اپنی ماں اور اپنے باپ سے (بھی)،
- 36. اور اپنی بیوی اور اپنی اولاد سے (بھی)،
- 37. اس دن ہر شخص کو ایسی (پریشان کن) حالت لاحق ہوگی جو اسے (ہر دوسرے سے) بے پروا کر دے گی،
- 38. اسی دن بہت سے چہرے (ایسے بھی ہوں گے جو نور سے) چمک رہے ہوں گے،
- 39. (وہ) مسکراتے ہنستے (اور) خوشیاں مناتے ہوں گے،
- 40. اور بہت سے چہرے ایسے ہوں گے جن پر اس دن گرد پڑی ہوگی،
- 41. (مزید) ان (چہروں) پر سیاہی چھائی ہوگی،
- 42. یہی لوگ کافر (اور) فاجر (بدکردار) ہوں گے،