23. سورۃ المؤمنون - قرآن
- 1. بیشک ایمان والے مراد پا گئے،
- 2. جو لوگ اپنی نماز میں عجز و نیاز کرتے ہیں،
- 3. اور جو بیہودہ باتوں سے (ہر وقت) کنارہ کش رہتے ہیں،
- 4. اور جو (ہمیشہ) زکوٰۃ ادا (کر کے اپنی جان و مال کو پاک) کرتے رہتے ہیں،
- 5. اور جو (دائماً) اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے رہتے ہیں،
- 6. سوائے اپنی بیویوں کے یا ان باندیوں کے جو ان کے ہاتھوں کی مملوک ہیں، بیشک (احکامِ شریعت کے مطابق ان کے پاس جانے سے) ان پر کوئی ملامت نہیں،
- 7. پھر جو شخص ان (حلال عورتوں) کے سوا کسی اور کا خواہش مند ہوا تو ایسے لوگ ہی حد سے تجاوز کرنے والے (سرکش) ہیں،
- 8. اور جو لوگ اپنی امانتوں اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرنے والے ہیں،
- 9. اور جو اپنی نمازوں کی (مداومت کے ساتھ) حفاظت کرنے والے ہیں،