92. سورۃ اللیل - قرآن
- 1. رات کی قَسم جب وہ چھا جائے (اور ہر چیز کو اپنی تاریکی میں چھپا لے)،
- 2. اور دن کی قَسم جب وہ چمک اٹھے،
- 3. اور اس ذات کی (قَسم) جس نے (ہر چیز میں) نر اور مادہ کو پیدا فرمایا،
- 4. بیشک تمہاری کوشش مختلف (اور جداگانہ) ہے،
- 5. پس جس نے (اپنا مال اﷲ کی راہ میں) دیا اور پرہیزگاری اختیار کی،
- 6. اور اس نے (اِنفاق و تقوٰی کے ذریعے) اچھائی (یعنی دینِ حق اور آخرت) کی تصدیق کی،
- 7. تو ہم عنقریب اسے آسانی (یعنی رضائے الٰہی) کے لئے سہولت فراہم کر دیں گے،
- 8. اور جس نے بخل کیا اور (راہِ حق میں مال خرچ کرنے سے) بے پروا رہا،
- 9. اور اس نے (یوں) اچھائی (یعنی دینِ حق اور آخرت) کو جھٹلایا،
- 10. تو ہم عنقریب اسے سختی (یعنی عذاب کی طرف بڑھنے) کے لئے سہولت فراہم کر دیں گے (تاکہ وہ تیزی سے مستحقِ عذاب ٹھہرے)،
- 11. اور اس کا مال اس کے کسی کام نہیں آئے گا جب وہ ہلاکت (کے گڑھے) میں گرے گا،
- 12. بیشک راہِ (حق) دکھانا ہمارے ذمہ ہے،
- 13. اور بیشک ہم ہی آخرت اور دنیا کے مالک ہیں،
- 14. سو میں نے تمہیں (دوزخ کی) آگ سے ڈرا دیا ہے جو بھڑک رہی ہے،
- 15. جس میں انتہائی بدبخت کے سوا کوئی داخل نہیں ہوگا،
- 16. جس نے (دینِ حق کو) جھٹلایا اور (رسول کی اطاعت سے) منہ پھیر لیا،
- 17. اور اس (آگ) سے اس بڑے پرہیزگار شخص کو بچا لیا جائے گا،
- 18. جو اپنا مال (اﷲ کی راہ میں) دیتا ہے کہ (اپنے جان و مال کی) پاکیزگی حاصل کرے،
- 19. اور کسی کا اس پر کوئی احسان نہیں کہ جس کا بدلہ دیا جا رہا ہو،
- 20. مگر (وہ) صرف اپنے ربِ عظیم کی رضا جوئی کے لئے (مال خرچ کر رہا ہے)،
- 21. اور عنقریب وہ (اﷲ کی عطا سے اور اﷲ اس کی وفا سے) راضی ہو جائے گا،